حیدرآباد۔10؍فروری(اعتماد نیوز) پہاڑی شریف پولیس نے ساس اور نسبتی برادر کے بعد اپنی بیوی کا وحشیانہ انداز میں قتل کرنے والے درندہ صفت شخص کی گرفتاری کی تصدیق کردی ۔پولیس نے اس کے ایک ساتھی کو بھی گرفتار کرلیا ۔انسپکٹر پہاڑی شریف ڈی بھاسکر ریڈی کے مطابق 39سالہ ابرار احمد ساکن علی نگر، ایرا کنٹہ، بالا پوراور ملزم نمبر 2،55سالہ محمد صادق ساکن شاہین نگر کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 2بڑے ہتھیار ضبط کرلئے ۔بتایا گیا ہے کہ ابرار احمد کی شادی تقریباً 15سال قبل 30سالہ شاہین بیگم سے ہوئی تھی ۔انہیں دو بچے ہیں ،ابرار سعودی عرب میں مقیم تھا۔ اس کا دوست صادق اس کے گھر کی اطلاع اسے دیا کرتا تھا ۔اس دوران ناپاک مقاصد سے صادق نے ابرار کو یہ غلط اطلاع دی کہ اس کی بیوی کے کولکتہ کے رہنے والے سہیل نامی نوجوان سے مبینہ طور پر ناجائز تعلقات قائم ہوگئے ہیں ۔اس نے بارہا یہ بات ابرار کے سامنے دہرائی جس پر ابرار نے اپنی بیوی کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا اور 25جون کو سعودی عرب سے حیدرآباد واپس ہوا اور شمس آباد کی ایک ہوٹل میں کرایہ کا کمرہ حاصل کرکے رہنے لگا ۔27جون کو وہ اپنی بیوی کا قتل کرنے کے مقصد سے علی نگر پہنچا ۔اس نے دروازہ کھٹکھٹایا ۔شاہین بیگم نے دروازہ کھولا ‘دروازہ کھولتے ہی اس نے اپنی بیوی پر حملہ کیا ‘خاتون کی چیخ وپکار پر اس کا بھائی سید فہیم الدین موقع واردات پر پہنچا اور اس نے مداخلت کی اس دوران شاہین بیگم کی ماں نسیم بیگم بھی وہاں پہنچ گئی ملزم نے ان دونوں کو بری طرح سے حملہ کر کے قتل کردیا ۔شاہین بیگم بھی شدید زخمی ہوگئی تھی ۔28جون کو پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے عدالتی تحویل میں دے دیا ۔اسے چرلہ پلی جیل منتقل کردیا گیا تھا ۔شوہر کے حملہ میں زخمی خاتون صحت یاب ہوکر واپس لوٹی ۔4دسمبر 2013کو ملزم ابرار احمد ضمانت پر جیل سے رہا ہوا اور اس نے اپنی بیوی کو قتل کرنے کے مقصد سے قصائی کی جانب سے استعمال کئے جانے والے دو بڑے خنجر خریدے اور 6فروری کی رات 9:30بجے اپنی بیوی کے مکان پہنچا ۔ملزم نے دروازہ کھٹکھٹایا جیسے ہی بیوی نے دروازہ کھولا اس نے اس پر حملہ کردیا ۔مداخلت کیلئے شاہین بیگم کی بہن درمیان میں پہنچی ۔حملہ میں وہ بھی زخمی ہوگئی ۔شاہین بیگم اپنی جان بچانے کے لئے دوڑنے لگی اور بیڈروم میں پہنچی ۔ملزم نے تعاقب کرکے
اس کا گلا کاٹ دیا۔پولیس نے ابرار احمد اور اس کی بیوی سے متعلق غلط اطلاعات فراہم کرنے والے اس کے دوست دونوں کو عدالتی تحویل میں دے دیا ۔
دولت کیلئے ماں کا قتل‘ اکلوتا بیٹا گرفتار
حیدرآباد۔10؍فروری ( اعتمادنیوز) راجندر نگر پولیس نے دولت کیلئے اپنی ہی ماں کا قتل کرنے والے شیطان صفت بیٹے اور اس کے مددگاروں کو گرفتار کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق 12 ؍ نومبر 2013ء کو ضلع رنگا ریڈی ‘ راجندر نگر منڈل ‘ بدویل کی رہنے والی 55 سالہ خاتون چندرا کلا نے کسی نے سر پر وزنی پتھر سے حملہ کرکے بیدردی سے قتل کردیا ۔ حملہ آور وہاں سے مقتول خاتون کا منگل سوتر اور 10ہزار روپئے نقد رقم لوٹ کر فرار ہوگئے ۔ تحقیقات کے دوران پولیس نے مقتولہ کے بیٹے کشور کو حراست میں لے لیا اس نے اس بات کا انکشاف کیا کہ وہ آٹو ڈرائیور ہے اور اس کی ماں نے ایک اراضی فروخت کرکے تین لاکھ روپئے حاصل کئے تھے ۔ وہ نیا آٹو خریدنے کیلئے اپنی ماں سے رقم کا مطالبہ کررہا تھا لیکن ماں نے رقم دینے سے انکار کردیا جس پر اس ظالم اکلوتے بیٹے نے اپنی ہی ماں کا قتل کرنے کا منصوبہ بنایا ۔ 12 ؍ نومبر کو اپنے دو دوستوں کے ساتھ وہ مکان پہنچا اور اس نے اپنی ماں کا قتل کردیا ۔ ملزم نے مددگاروں کو فی کس 20 ہزار روپئے دینے کا وعدہ کیا تھا اور پیشگی دو ‘ 2 ہزار روپئے ادا کئے تھے ۔ پولیس نے ملزمین کو گرفتار کرلیا ۔
سالگرہ منانے سے بیوی کا انکار ۔شوہر کی خودکشی
ll سالگرہ تقریب منانے کے لئے بیوی کے ساتھ چلنے سے انکار پر شوہر نے خود کشی کرلی ۔سرور نگر پولیس کے مطابق 26سالہ ومشی کرشننا ساکن شاردا نگر نے ایک سال قبل ہیما بندو سے لو میریج کی۔ہفتہ کو بیوی کی سالگرہ تھی شوہر نے تقریب منانے کے لئے اسے اپنے ساتھ باہر لے جانے کی خواہش ظاہر کی بیوی نے انکار کردیا ۔اس مسئلہ پر دونوں میں جھگڑا ہوا اس کے بعد کل رات شوہر نے پھانسی لے لی ۔
بیل بنڈی سے گر کر کمسن لڑکا ہلاک
ll بیل بنڈی سے گرنے کے نتیجہ میں کمسن لڑکا ہلاک ہوگیا ۔چیوڑلہ پولیس کے مطابق تانڈور کا رہنے والا آنند ملٹری میں ملازم ہے اس کا لڑکا 3سالہ ابھیروپ اپنے تایا کے ساتھ رہتا تھا ۔کل وہ تمام بیل بنڈی میں کہیں جارہے تھے کہ لڑکا توازن کھوجانے کے نتیجہ میں اچھل کر گرپڑا اور اس کے سر پر گہری چوٹ آئی ۔لڑکا ہاسپٹل منتقل کرنے پر جانبر نہ ہوسکا۔